جمعہ 19 دسمبر 2025 - 22:45
مولانا کلب جواد نقوی کو امام خمینیؒ بین الاقوامی ایوارڈ؛ مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ کے سربراہ کی تبریک

حوزہ/مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی کو جمہوریۂ اسلامی ایران کی جانب سے پہلا بین الاقوامی امام خمینیؒ ایوارڈ عطا کیے جانے کی خبر پر علمی، دینی اور انقلابی حلقوں میں غیر معمولی مسرت اور تشکر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی کو جمہوریۂ اسلامی ایران کی جانب سے پہلا بین الاقوامی امام خمینیؒ ایوارڈ عطا کیے جانے کی خبر پر علمی، دینی اور انقلابی حلقوں میں غیر معمولی مسرت اور تشکر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یہ ایوارڈ ہندوستان میں فکرِ امام خمینیؒ، نظریاتِ انقلابِ اسلامی اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کی مؤثر، بامقصد اور بصیرت افروز ترویج کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔

یہ باوقار اعزاز ایران کے معزز صدر مسعود پزشکیان اور یادگارِ امام حجت الاسلام والمسلمین سید حسن خمینی کے دستِ مبارک سے ایک پُروقار تقریب میں عطا کیا گیا، جس میں رہبرِ معظمِ انقلاب اسلامی کے معتمد و مشیر آیت اللہ محسن قمی سمیت ممتاز علمی، سیاسی اور حوزوی شخصیات نے شرکت کی۔

مولانا کلب جواد نقوی کی دہائیوں پر محیط خدمات-خصوصاً خطِ ولایتِ فقیہ کے دفاع، فکرِ امامؒ کی حقیقی ترجمانی اور ہندوستان میں شعورِ دینی کی بیداری-کو علمی و دینی حلقوں میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔

ان کی زبان و قلم کی حق گوئی، نوجوان نسل میں فکری بیداری اور میدانِ تبلیغ میں ان کی استقامت ان خدمات کا بنیادی سرچشمہ ہیں جن کا یہ اعزاز باضابطہ اعتراف ہے۔

اس تاریخی موقع پر مدرسہ بنت الہدیٰ (رجسٹرڈ) ہریانہ الہند اور مدیرِ مدرسہ (مولانا) عقیل رضا ترابی، اساتذہ کرام اور طالبات نے مولانا کلب جواد نقوی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ کے تہنیتی پیغام میں آیا ہے کہ یہ اعزاز نہ صرف مولانا کی اعلیٰ علمی و فکری خدمات کا اعتراف ہے، بلکہ ہندوستان میں فکرِ امام خمینیؒ کی روشنی کو عام کرنے کی مسلسل جدوجہد کی بین الاقوامی سطح پر قدر دانی بھی ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مولانا کو مزید توفیقاتِ خاصہ سے نوازے اور ملتِ اسلامیہ کی رہنمائی کے لیے تا دیر سلامت رکھے۔

مدرسہ بنت الہدیٰ کے ذمہ داران نے اس اعزاز کو ہندوستان میں انقلابی فکر اور اسلامی بیداری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha